ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کورونا وائرس: متاثرہ ممالک کی فہرست میں ہندوستان کا تیسرا مقام، کل تعداد 6,97,413 ہوئی

کورونا وائرس: متاثرہ ممالک کی فہرست میں ہندوستان کا تیسرا مقام، کل تعداد 6,97,413 ہوئی

Mon, 06 Jul 2020 13:00:21    S.O. News Service

نئیدہلی،6؍جولائی (ایس او نیوز؍یو این آئی) گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، کورونا انفیکشن کی بڑھتی ہوئی شدت کی وجہ سے ملک میں 24 ہزار سے زیادہ نئے کیس سامنے آئے ہیں اور اب انفیکشن سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں ہندوستان تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔ مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی پیر کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے 24248 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں انفیکشن کی کل تعداد 6,97,413  ہوگئی ہے۔ اسی مدت کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 19,693 ہوگئی ہے۔ دریں اثنا انفیکشن سے نجات پانے والوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 15,350 مریض صحت مند ہوگئے ہیں، جنہیں ملا کر اب تک کُل 4,24,433 افراد اس بیماری سے ٹھیک ہوچکے ہیں۔ ملک میں اس وقت کورونا انفیکشن کے 2,53,287 فعال معاملے ہیں۔

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ مہاراشٹرا میں انفیکشن کے 6555 معاملے ریکارڈ ہوئے، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2,06,619 ہوگئی اور 151 افراد ہلاک ہوگئے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 8,822 ہوگئی ہے۔ ریاست میں 1,11,740 افراد اس بیماری سے متاثر ہوئے ہیں۔ تمل ناڈو میں جو انفیکشن کے معاملے میں دوسرے نمبر پر ہے، متاثرہ افراد کی تعداد 4150 بڑھ کر 1,11,151 ہوگئی ہے اور اسی عرصے میں 60 لوگوں کی موت سے یہ تعداد بڑھ کر 1,510 ہوگئی ہے۔ ریاست میں 62,778 افراد کو علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔

دارالحکومت دہلی میں کورونا کی وبا نے تباہی مچا دی ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔ کورونا سے اب تک 99,444 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ اس کے انفیکشن کی وجہ سے مرنے والے افراد کی تعداد 3,067 ہوگئی ہے۔ دارالحکومت میں 71,339 مریض ٹھیک ہوئے ہیں، جن کو مختلف اسپتالوں سے فارغ کیا گیا ہے۔ ملک کی مغربی ریاست گجرات کووڈ۔19 کی تعداد کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر ہے، لیکن مرنے والوں کی تعداد میں یہ مہاراشٹر اور دہلی کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔ گجرات میں اب تک 36,037 افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور 1,943 کی موت ہوچکی ہے۔ ریاست میں 25,892 افراد بھی اس مرض سے بازیاب ہوئے ہیں۔

آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں اب تک کورونا انفیکشن کے 27,707 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں اور اس وائرس سے 785 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 18,761 مریض صحت مند ہوگئے ہیں۔ جنوبی ہندوستان کی ریاستوں میں تلنگانہ اور کرناٹک میں کورونا انفیکشن کے واقعات بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ تلنگانہ میں متاثرہ افراد کی تعداد 23902 تک پہنچ چکی ہے اور 295 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ اب تک 12,703 افراد اس مرض کے شکار ہوچکے ہیں۔ کرناٹک میں 23,474 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 372 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ریاست میں 9,847 افراد بھی صحتمند ہوئے ہیں۔

مغربی بنگال میں 22,126 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 757 افراد فوت ہوگئے ہیں اور 14,711 افراد اب تک بازیاب ہوئے ہیں۔ راجستھان میں بھی کورونا کا انفیکشن زوروں پر ہے اور اب تک متاثرہ افراد کی تعداد 20,164 تک جا پہنچی ہے اور اب تک 456 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، جبکہ 15,928 افراد پوری طرح سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ آندھرا پردیش میں 18,697 افراد متاثر ہوئے ہیں اور اموات کی تعداد 232 ہوگئی ہے۔ ہریانہ میں 17,005 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 265 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس وبا سے مدھیہ پردیش میں 608، پنجاب میں 164، جموں و کشمیر میں 132، بہار میں 95، اتراکھنڈ میں 42، اڈیشہ میں 36، کیرالہ میں 25، جھارکھنڈ میں 19، چھتیس گڑھ اور آسام میں 14، ہماچل پردیش میں پڈوچری میں 12،ہماچل پردیش میں 11 افراد، گوا میں سات، چنڈی گڑھ میں چھ، اور اروناچل پردیش، تریپورہ، لداخ اور میگھالیہ میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔


Share: